نامور بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار کے سیٹ پر پیش آنے والے ایک حادثے میں 42 سالہ کارکن ہلاک ہو گیا، جس کے بعد فلم انڈسٹری میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 17 جون کو ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں واقع ایک اسٹوڈیو میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے چندر دھاری یادو فلم سیٹ پر کارپینٹر کا کام سر انجام دے رہے تھے۔ یادو کے اہلِ خانہ میں ان کی اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔
مامیا شاہ جعفر اور ارسلان بٹ میں صلح ہو گئی، ہراسانی الزامات کا معاملہ نمٹ گیا
واقعے کے بعد بھنسالی پروڈکشنز نے متاثرہ خاندان کے لیے 40 لاکھ بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پروڈکشن ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ امداد سوگوار خاندان کی امداد کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔
فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائیز (FWICE) نے فلم سیٹس پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نے حکام اور پروڈکشن ہاؤسز پر زور دیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
لو اینڈ وار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی بڑی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے، جس میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فلم کا بجٹ 350 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔
