اداکارہ مامیا شاہ جعفر اور اداکار ارسلان بٹ کے درمیان ہراسانی الزامات پر پیدا ہونے والے تنازع کا تصفیہ ہو گیا، جس کے بعد فریقین نے تمام قانونی کارروائیاں واپس لینے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اس پیشرفت کا اعلان ارسلان بٹ نے انسٹاگرام پر کیا، جہاں انہوں نے دونوں فریقین کے درمیان طے شدہ معاہدے کی کاپی شیئر کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے درخواست کی کہ اس معاملے پر مزید بحث سے گریز کیا جائے۔
معاہدے کے مطابق فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ان کے درمیان موجود تمام تنازعات، غلط فہمیاں اور قانونی معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے ہیں۔
معاہدے کے تحت ارسلان بٹ ان تمام قانونی کارروائیوں کو واپس لیں گے جو انہوں نے اس معاملے کے سلسلے میں شروع کی تھیں، جن میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (NCCIA) کے سامنے دائر شکایت اور ہتکِ عزت کا مقدمہ بھی شامل ہے۔
بلال اشرف اور مایا علی کی فلم “خان تمہارا” جلد سنیما گھروں کی زینت بنے گی
دستاویز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ تصفیہ کسی بھی فریق کی جانب سے جرم یا غلط طرزِ عمل کے اعتراف کے مترادف نہیں ہو گا۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا تھا جب مامیا شاہ جعفر نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ایک پراجیکٹ کے دوران ارسلان بٹ کے رویے سے وہ اضطراب محسوس کرتی تھیں۔ شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے بعض واقعات کی وجہ سے دونوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی۔
دوسری جانب ارسلان بٹ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور ہتک آمیز قرار دیا تھا۔اب عدالت سے باہر تصفیہ ہونے کے بعد دونوں فریقین نے تمام متعلقہ شکایات اور معاملے کو ختم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
