وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی ، ریاست دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف گھناؤنی سازش ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پوری قوم کی امانت ہیں، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے درجاتِ بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ
واضح رہے بنوں کے علاقے برغنتو میں بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس کے مطابق بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا ، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا کہ دھماکے کی زد میں ایک مسافر وین اور ایک دوسری گاڑی آئی ہے۔
