وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ، اللہ نے پاکستان کو عزت سے نوازا۔ پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم مبارکباد کی حقدار ہے ، اگر اس ایوان میں اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی جائے تو پوری دنیا کو پاکستان کے اتحاد، یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کا مثبت پیغام جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے کرم سے پاکستان کو عزت عطا کی ، صدیاں گزر جاتی ہیں مگر قوموں کو ایسی عزت نہیں ملتی جو ہمیں ملی ، پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے۔ اگر پوری زندگی بھی اس مالک حقیقی کے حضور سجدہ ریز ہو کر شکر ادا کرتے رہیں تو اس نعمت کا حق ادا نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ
انہوں نے اپوزیشن لیڈر اور تمام اراکینِ پارلیمنٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی مفاد اور وطن کی خدمت کے لیے ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عظیم مقصد کے لئے شبانہ روز محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد سمجھوتے کو حتمی شکل دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نےعظیم مقصد کے حصول کیلئے دن رات کام کیا، انتھک محنت سے پہاڑ جیسے مسائل حل کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتھک محنت ،استقامت اور غیرمتزلزل عزم کی وجہ سے ممکن ہوئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیرداخلہ محسن نقوی کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے، وزیراعظم کی بطور ثالث توثیق
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ایرانی صدرمسعودپزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، صدر پزشکیان نے پاکستان کے بھرپور تعاون پر اپنی اور ایرانی قوم کی طرف سے شکریہ ادا کیا، میں نے ایرانی صدر کو جلدپاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی،
ایرانی صدر کو بتایا کہ پوری قوم آپ کا والہانہ استقبال کرنے کے لئے تیار ہے۔ ایرانی صدرنے کہاکہ وہ پاکستان آکر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد شہیدآیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا، جنگ بندی کے نتیجے میں خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔ امن عمل میں دوست ملکوں کا تعاون رہا، چین ،سعودی عرب، قطر ،ترکیہ اور مصرنے امن عمل میں بھرپور کردار ادا کیا۔
