مریدکے، کالا خطائی روڈ پر سدھانوالی کے قریب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں دو مسافر بسیں بے قابو ہو کر کھیتوں میں جا گریں، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب لاہوراورنارووال جانے والی مسافر بسوں کے ڈرائیوروں نے سڑک پر موجود ایک کاراورموٹرسائیکل کوبچانے کی کوشش کی اس دوران دونوں بسیں توازن برقرار نہ رکھ سکیں اورسڑک سے اترکر قریبی کھیتوں میں جا گریں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پرجائے حادثہ پر پہنچ گئیں اورامدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کوابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو چکی ہے جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پرامدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں تاکہ متاثرہ افراد کوبروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کوہاٹ میں طوفانی بارش، مکان گرنے سے 9 افراد جاں بحق، 5 زخمی
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغازکردیا ہے اورحادثے کی وجوہات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑیوں کو بچانے کی کوشش کے دوران پیش آیا تاہم حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ ریسکیواورپولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پرموجود رہ کرصورتحال کی نگرانی اورقانونی کارروائی مکمل کررہی ہیں۔
