اسلام آباد، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مبینہ آڈیو کے حوالے سے تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مخالف سرگرمیوں اور سازشوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں طلال چودھری نے کہا کہ مبینہ آڈیو میں ایسے معاملات سامنے آئے ہیں جن کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بندوقوں سے مسلح 500 افراد کی موجودگی اور دوسری جانب پرامن احتجاج کا دعویٰ انتہائی متضاد اور سوالیہ نشان ہے۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اصل چہرہ ہے، جسے عوام کے سامنے آنا چاہیے۔
ایران۔امریکا امن معاہدہ 24 گھنٹوں میں حتمی شکل اختیار کرلے گا، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی بھی فرد یا گروہ نے ریاستی اداروں، امن و امان یا قومی سلامتی کے خلاف کوئی سازش کی ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
طلال چودھری کے مطابق ریاست مخالف سازشوں کی نہ صرف مکمل تحقیقات کی جائیں گی بلکہ تمام شواہد کی روشنی میں مناسب قانونی کارروائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا مسلح جتھوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک مبینہ آڈیو میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مبینہ ارکان کی جانب سے مسلح افراد کے راولاکوٹ میں داخلے سے متعلق گفتگو سامنے آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد حکومتی حلقوں کی جانب سے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
