ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق تازہ کمی کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 30 ہزار 236 روپے کا ہوگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونا مزید سستا ، قیمت 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 68 ہزار 858 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں آنے والی کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے باعث پاکستان میں بھی قیمتی دھات کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے رجحان میں تبدیلی، امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی معاشی صورتحال سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل قرار دیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے بعد خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے، خصوصاً شادیوں کے سیزن اور دیگر تقریبات کے باعث سونے کی خریداری میں بہتری آ سکتی ہے۔
کمزور ڈالر سے سونا مہنگا اور تیل سستا ہو گیا
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث آئندہ چند روز کے دوران سونے کی قیمتوں میں مزید رد و بدل کا امکان موجود ہے، اس لیے سرمایہ کار اور خریدار بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
منگل 7 جولائی کا ریٹ
گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 34 ہزار 936 روپے میں فروخت ہوا۔
سوموار 6 جولائی کا ریٹ
کاروباری ہفتے کے آغاز پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 400 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 37 ہزار 436 روپے مقرر ہوگئی۔
ہفتہ 4 جولائی کا ریٹ
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز فی تولہ سونا 1100 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہو گیا۔
