بنوں، خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر خاتون زخمی ہو گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو گروپوں کے درمیان اچانک مسلح تصادم شروع ہو گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں چارافراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ وہاں سے گزرنے والی ایک بے گناہ خاتون گولی لگنے سے زخمی ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
چین میں جوتے کی فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 28 افراد ہلاک
جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمی خاتون کو بھی فوری طبی امداد کے لیے اسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
