کراچی (مونس سراج)کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں 6 سالہ بچے کو مبینہ طور پر اغوا، زیادتی اور قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزم مقتول بچے کا پڑوسی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مضبوط شواہد کی بنیاد پر مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس سنگین جرم میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
کراچی میں 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کرنے والا ملزم ساتھی سمیت گرفتار
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلانے کے لیے ہر ممکن قانونی کاررواائی یقینی بنائی جائے اور معصوم بچے کے قتل اور مبینہ زیادتی میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید ہدایت کی کہ تفتیش شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مکمل کی جائے جبکہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی معاونت اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز ہے، ایسے جرائم معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور بچوں کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
لاہور میں ذہنی معذور لڑکی سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بھی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت اور تفتیشی عمل پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں، مضبوط شواہد کی بنیاد پر چالان مکمل کیا جائے تاکہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ضیاء الحسن لنجار نے شہر میں بچوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اور نگرانی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی اور ایس ایس پی سٹی کو تفتیش کی مرحلہ وار پیش رفت سے وزارت داخلہ کو باقاعدگی سے آگاہ رکھنے کا حکم دیا۔
کراچی: چائے نہ پلانے پر دوست نے دوست کو قتل کر دیا، ملزم گرفتار
واضح رہے اس سے قبل بھی شہر میں بچوں کیساتھ درندگی کے واقعات پیش آچکے ہیں ، ملزموں کی گرفتاری اور انہیں سزائیں دینے کے باوجود ایسے واقعات تسلسل سے پیش آرہے ہیں۔
