اسلام آباد، بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی ہے۔ ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 34 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی مد میں کیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے علاوہ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے اضافی وصولی جولائی کے بجلی بلوں میں کی جائے گی، جس کے باعث گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو معمول سے زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی۔
پشاور میں آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے، 20 کلو کا تھیلا 2900 روپے سے تجاوز کر گیا
فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں ردوبدل بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں کمی یا اضافے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
نئے اضافے کے بعد بجلی صارفین پر مالی بوجھ میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ جولائی کے بلوں میں فی یونٹ 34 پیسے اضافی وصول کیے جائیں گے۔
