کراچی: کمشنر کراچی نے شہر میں آٹے کی مختلف اقسام کے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل سطح پر آٹے کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عام آٹے (ڈھائی نمبر) کی ہول سیل قیمت 122 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ اسی آٹے کا ریٹیل سرکاری نرخ 125 روپے فی کلو ہوگا۔
اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 132 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ ریٹیل سطح پر فائن آٹا 135 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا، کمشنر کراچی نے چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت بھی 145 روپے فی کلو مقرر کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ آٹا صرف سرکاری نرخوں پر خریدیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں صرف دو روز کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے اضافہ ہونے کے بعد یہ 2900 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں فائن آٹا، اسپیشل آٹا، مکس آٹا، سرخ آٹا اور میدے کی قیمتوں میں بھی ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ تندور مالکان نے بڑھتی لاگت کا جواز پیش کرتے ہوئے روٹی کا وزن مزید کم کر دیا ہے، نان بائیوں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی میں رکاوٹ اور پابندیوں کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کا براہ راست اثر روٹی کی قیمت اور وزن پر پڑ رہا ہے۔
