مغربی کولمبیا میں پیر کو آنے والے 7.4 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 164 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کولمبیا میں تباہ کن زلزلے کے بعد دوسرے روز بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں، جہاں ریسکیو اہلکار منہدم عمارتوں اور ملبے تلے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
زلزلے سے پیریرا اور کالی سمیت کئی شہروں میں متعدد منزلہ عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، جبکہ مانیزالس شہر کے تاریخی گرجا گھر کے ایک مینار کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
🇨🇴 A building literally crumbles as huge chunks of concrete fall near people running out of it in Colombia during the 7.4-magnitude earthquake. pic.twitter.com/ln1t5dHkcU
— Visegrád 24 (@visegrad24) August 10, 2026
ریسکیو ٹیمیں پولیس، فوجی اہلکاروں اور رضاکاروں کی مدد سے رات بھر ملبہ ہٹانے میں مصروف رہیں۔ اہلکاروں نے کھدائی کرنے والی مشینوں کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر اپنے ہاتھوں سے بھی ملبہ ہٹا کر لوگوں کو تلاش کیا۔
تقریباً 22 لاکھ آبادی والے شہر کالی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جہاں درجنوں عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئیں۔ حکام کے مطابق متعدد رہائشی عمارتوں کے منہدم ہونے کے باعث لوگوں کو گھروں سے نکل کر سڑکوں پر پناہ لینا پڑی۔
کالی کے ایک اسپتال کی کئی بالائی منزلیں بھی منہدم ہو گئیں، جن میں بچوں کے علاج کے لیے مختص حصے بھی شامل تھے۔ اسپتال کے ڈائریکٹر کے مطابق کچھ مریض ملبے تلے پھنس گئے جبکہ تقریباً 600 دیگر مریضوں کو ملبے سے بھری سڑک پر منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو رضاکار کارمن یاسمین گارسیا نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے ایک منہدم عمارت سے سات افراد کو زندہ نکالا، تاہم مزید چار افراد اور ایک کتا ملبے تلے پھنسے ہوئے تھے۔ ان کے مطابق ملبے کے اندر سے کچھ دیر پہلے خراشنے کی آواز آ رہی تھی اور امدادی کارکنوں کو اب بھی امید تھی کہ مزید افراد کو زندہ نکالا جا سکتا ہے۔
NEW footage is circulating from a magnitude 7.4 earthquake that struck Colombia’s Pacific region today.
The epicenter was near San José del Palmar in Chocó department, at a depth of around 96 km.
It was felt strongly across much of Colombia—including Bogotá, Medellín, and… pic.twitter.com/X03limcIts
— Clash Report (@clashreport) August 10, 2026
دوسری جانب کالی میں لوٹ مار کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ صدر ابیلاردو دے لا ایسپریئیا، جنہوں نے چند روز قبل ہی اقتدار سنبھالا ہے، نے شہر میں ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ کالی اور پیریرا میں پیر کی رات کرفیو بھی نافذ کیا گیا۔
کولمبیا کے اس زلزلے کا موازنہ 1999 کے تباہ کن زلزلے سے کیا جا رہا ہے جس نے اسی کافی پیدا کرنے والے خطے کو شدید متاثر کیا تھا اور ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
