کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے بیٹے راول شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان سے فرار ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
میر رضا علی کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری مختلف دعوؤں کے معاملے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے بیٹے راول شرجیل میمن کا بیان سامنے آگیا۔
راول شرجیل میمن نے پاکستان سے فرار ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ انہوں نے گلستان جوہر میں واقع متعلقہ گیسٹ ہاؤس کو بھی اپنے یا اپنے والد شرجیل انعام میمن کی ملکیت قرار دینے کی تردید کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان میں راول شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا مہم بظاہر بعض سیاسی صفحات سے شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر کسی فرد کا نام بغیر کسی ثبوت کے اتنے سنگین معاملے میں شامل کرنے کا کسی کو حق نہیں۔
راول شرجیل میمن نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر یہ مہم شروع کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے جواب دہ بنایا جائے۔ سوگوار خاندان کے جذبات کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
Firstly the claims on social media that I’ve run away from Pakistan are false. Im very much in Pakistan. Secondly this guest house is not owned by my father, nor myself. Thirdly, the social media campaign appears to have originated from two political pages – Karachi Stories,…
— Rawal Sharjeel Memon (@rawalsharjeel) August 10, 2026
اس سے قبل شرجیل انعام میمن بھی اپنے اور اپنے بیٹے راول شرجیل میمن کے نام میر رضا کیس سے جوڑنے والی سوشل میڈیا مہم کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے رجوع کرچکے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے 9 اگست کو جمع کرائی گئی درخواست میں سوشل میڈیا پر اپنے خلاف الزامات کو جھوٹا، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے معاملے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
