مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں مزید 4 روز کی توسیع کردی گئی۔ جس کے بعد طلبا کو مجموعی طور پر ایک ہفتے کی اضافی چھٹیاں مل گئی ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سمر زون کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 10 سے 13 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 14 اگست کو یوم آزادی کے سلسلے میں عام تعطیل ہو گی۔ جبکہ 15 اور 16 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات ہوں گی۔
اس طرح سمر زون کے تعلیمی اداروں میں طلبا کو مسلسل ایک ہفتے کی تعطیلات میسر آئیں گی، جبکہ تعلیمی ادارے مقررہ شیڈول کے مطابق بعد ازاں دوبارہ کھلیں گے۔
گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کا اطلاق سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں دونوں پر ہو گا۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام تعلیمی ادارے 24 اگست تک بند رکھنے کا حکم دیتے ہوئے وقت سے پہلے کھولنے پر انتظامیہ کو سخت انتباہ جاری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: میٹرک امتحانات میں سکھ طالبعلم کی نمایاں پوزیشن
صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں 24 اگست سے پہلے اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رانا سکندر حیات کے مطابق طلبا کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ایک ماہ کے لرننگ کیمپس لگانے کی اجازت دی گئی تھی، جن کا مقصد طلبا کے سیکھنے کے نقصان کو پورا کرنا تھا۔
