کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں جہیز کے تنازع پر مبینہ تشدد کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 18 سالہ نوبیاہتا دلہن مصباح دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس نے مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے شوہر شہریار بٹ کو نامزد کر دیا ہے، پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیف المری گوٹھ کی رہائشی مصباح نے 19 مارچ کو شہریار بٹ سے پسند کی شادی کی تھی۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی شوہر اور اس کے اہل خانہ کی جانب سے مصباح کو مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا شوہر کو اس بات پراعتراض تھا کہ دلہن کے گھر والوں نے جہیز میں موٹر سائیکل فراہم نہیں کی۔
حیدر آباد، مضر صحت کھانا کھانے سے 75 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار، اسپتال منتقل
ایف آئی آر کے مطابق 7 جون کو شہریار بٹ نے مبینہ طور پر مصباح پر پیچ کس اور دیگراوزاروں سے بدترین تشدد کیا، جس کے نتیجے میں اس کے سر اور جسم کے مختلف حصوں پر شدید اندرونی چوٹیں آئیں۔
متاثرہ خاتون کو زخمی حالت میں گھر سے نکال دیا گیا، جس کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اہل خانہ کے مطابق مصباح تین روز تک اسپتال میں زیر علاج رہی، تاہم شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
