بھارتی شہر موہالی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 30 سالہ خاتون کو دفتر کے اندر چاقو کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔
مقتولہ کی شناخت ڈمپل کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع پٹیالہ کی رہائشی تھیں اور ایک نجی پیکنگ اینڈ موونگ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم نے اسی چاقو سے خود کو بھی زخمی کر کے خودکشی کی کوشش کی ہے۔
ابتدائی پولیس تفتیش کے مطابق ملزم ہروندر مان عرف ہیری بھی اسی کمپنی میں مقتولہ کے ساتھ گزشتہ تین سال سے کام کر رہا تھا۔ دونوں کے درمیان ماضی میں قریبی تعلقات تھے تاہم تقریباً چھ ماہ قبل ان کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔ ملزم دوبارہ تعلق قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا جبکہ خاتون نے خود کو اس سے دور کر لیا تھا۔
🚨SHOCKING | 30-year-old woman, Dimple stabbed to death by her former boyfriend inside her office in #Mohali. Accused later stabbed himself and remains hospitalized in critical condition pic.twitter.com/JY7jwcEe4K
— Guna Sekar (@GunaSekar689361) June 5, 2026
جمعرات کی شام جب ڈمپل دفتر میں کام میں مصروف تھیں، تو ملزم وہاں پہنچ گیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ملزم نے چاقو نکال کر خاتون پر پے در پے وار کر دیے۔ اس اچانک حملے سے دفتر میں موجود دیگر ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ ملزم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور وہ پولیس کی نگرانی میں زیر علاج ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل حقائق ملزم کی حالت بہتر ہونے اور اس کا بیان ریکارڈ کیے جانے کے بعد ہی مکمل طور پر سامنے آ سکیں گے۔
