انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم تجرباتی اقدام کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ایسے ٹیسٹ میچز میں گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی جہاں کم روشنی کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
قانون کی خلاف ورزی،آئی سی سی نے سلمان علی آغا کو سزا سنا دی
کرک انفو کے مطابق آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی متعدد سفارشات منظور کی گئیں۔ نئی پالیسی کے مطابق اگر کسی ٹیسٹ میچ کے دوران روشنی کے مسائل متوقع ہوں تو دونوں ٹیموں کی پیشگی رضامندی سے میچ کا آغاز روایتی سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند سے کیا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ اب تک گلابی گیند صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال کی جاتی تھی، تاہم آئی سی سی کا خیال ہے کہ اس نئے تجربے سے فلڈ لائٹس میں کھیل جاری رکھنے میں مدد ملے گی اور خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے اوورز کی تعداد میں کمی آئے گی۔
آئی سی سی کے مطابق اس تجویز پر عمل درآمد کے لیے درکار ضوابط فوری طور پر نافذ نہیں ہو سکیں گے، لہٰذا 4 جون سے شروع ہونے والی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز میں اس کا اطلاق متوقع نہیں۔ کونسل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ میچ آفیشلز اور اسٹیڈیمز میں روشنی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تحقیق اور ترقی کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جس میں ایم سی سی (Marylebone Cricket Club) کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری بھی شامل ہوگی۔
ڈوپ ٹیسٹ ، محمد نواز نے آئی سی سی کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا
دوسری جانب آئی سی سی نے ایک اور اہم تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جا کر کھلاڑیوں سے مشاورت کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں کوچز براہ راست میدان میں نہیں جا سکتے تھے اور پیغامات صرف ڈرنکس لے جانے والے کھلاڑیوں کے ذریعے پہنچائے جاتے تھے۔
ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ بلے بازوں کو مقررہ وقت پر دوبارہ کھیل شروع کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
آئی سی سی نے وائیڈ بال کے قوانین میں بھی مستقل تبدیلی کرتے ہوئے لیگ سائیڈ وائیڈ کے فیصلوں میں امپائرز کی مدد کے لیے گائیڈ لائنز کے استعمال کو مستقل بنیادوں پر نافذ کر دیا ہے، خصوصاً ایسے مواقع پر جب بلے باز کریز میں اپنی پوزیشن تبدیل کر رہا ہو۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان کا عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ
مزید برآں مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے معاملات میں میچ آفیشلز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ رپورٹنگ کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق آئی سی سی کے یہ اقدامات کھیل کے تسلسل کو بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور بین الاقوامی کرکٹ کے قوانین کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔
