سورج کل 15 جولائی کو عین خانہ کعبہ کے اوپر ہو گا جس کے باعث چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہو جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج 90 ڈگری کے زاویے پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہو گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ لمحہ دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر آئے گا۔ اس دوران سورج اور خانہ کعبہ ایک ہی خط عمود پر ہوں گے۔ جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ نظر نہیں آئے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ منفرد فلکیاتی موقع دنیا بھر کے مسلمانوں کو بغیر قطب نما کے قبلے کی درست سمت معلوم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس وقت اگر کسی ہموار جگہ پر ایک سیدھی لکڑی یا راڈ عمودی طور پر نصب کی جائے تو اس کے سائے کی مخالف سمیت خانہ کعبہ یعنی قبلے کا رخ ظاہر کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز دھمکیوں سے نہیں کھلے گی، ایران کا دوٹوک اعلان
واضح رہے کہ سورج سال میں صرف دو مرتبہ خانہ کعبہ کے عین اوپر آتا ہے اور ماضی میں اسی فلکیاتی مظہر کی مدد سے قبلے کی سمت کا تعین کیا جاتا تھا۔ یہ طریقہ آج بھی دنیا بھر میں قبلے کی درست سمت جانچنے کے لیے ایک سادہ اور مستند فلکیاتی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔
