اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد ایسا امن معاہدہ طے پا جائے گا جو ایرانی قوم کے وقار اور عزت نفس کے مطابق ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان 30 منٹ سے زائد دوستانہ گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور خطے میں جاری صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کی امن کوششوں کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برادر اور ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے ایران کی حقیقی معاشی صلاحیتیں بروئے کار آ سکتی ہیں۔ اور امید ہے کہ جلد ایسا امن معاہدہ طے پا جائے گا جو ایرانی قوم کے وقار اور عزت نفس کے مطابق ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے پاس معاہدے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
