بلوچستان میں پاک فوج ، ایف سی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن شعبان میں مزید 3 خارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسزکی فتنہ الخوارج کیخلاف علاقے میں کارروائیاں جاری ہیں ، خارجیوں کو زمینی اور فضائی کارروائیوں میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آپریشن شعبان میں ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں خارجی دہشتگردوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے ، دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک بلوچستان میں مختلف انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 126 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ روز آپریشن شعبان کے دوران سکیورٹی فورسز نے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی گاڑی کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
ذرائع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رہے گا اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
