یورپی چیمپئن اسپین نے آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے لیے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ جس میں حیران کن طور پر پہلی مرتبہ ریال میڈرڈ کا کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں کیا گیا۔ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اسپین کی قومی ٹیم کسی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں ریال میڈرڈ کے بغیر میدان میں اترے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے اپنی ٹیم کی بنیاد زیادہ تر بارسلونا کے کھلاڑیوں پر رکھی ہے۔ اسکواڈ میں بارسلونا کے 8 کھلاڑی شامل ہیں جن میں لامین یامال، پیڈری، گاوی، ڈینی اولمو اور فیران ٹوریس نمایاں ہیں۔
دوسری جانب ریال میڈرڈ کے اہم کھلاڑی جیسے ڈینی کارواخال اور دیگر نام اس بار اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
کوچ ڈی لا فوینتے نے اپنے فیصلے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے کھلاڑیوں کا تعلق کسی کلب سے نہیں بلکہ قومی ٹیم کی کارکردگی اور فٹنس اہم ہے۔ وہ صرف ایسے کھلاڑی چاہتے ہیں جو اسپین کی نمائندگی پر فخر محسوس کریں۔
یہ بھی پڑھیں: میکسیکو کا فٹبال ورلڈ کپ میں ایرانی ٹیم کی میزبانی کا اعلان
اسکواڈ میں پریمیئر لیگ سے تعلق رکھنے والے 7 کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں۔ جبکہ کوچ نے لامین یامال اور نیکو ولیمز کی انجری سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی ٹورنامنٹ سے قبل مکمل فٹ ہوں گے۔
