واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کرنے والے 21 سالہ نوجوان کی شناخت میری لینڈ کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔
فاکس نیوز کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم ذہنی مسائل کا شکار رہا تھا اور اس کا متعدد بار امریکی سیکرٹ سروس سے سامنا بھی ہو چکا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ملزم کو پہلے بھی سیکرٹ سروس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں حراست میں لیا جا چکا تھا جبکہ ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے پر بھی اس کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا تھا کہ پنسلوانیا ایونیو کے علاقے میں ملزم نے بیگ سے ہتھیار نکال کر اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ خفیہ سروس پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو زخمی کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی حملہ آور کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا تاہم کسی سیکرٹ سروس اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
وائٹ ہاؤس کے قریب چیک پوائنٹ پر فائرنگ، حملہ آور ہلاک، صدر ٹرمپ محفوظ مقام پر منتقل
واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
