کراچی: سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عیدالاضحیٰ کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ جس کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شدید گرمی سے متاثر ہونے والے اضلاع میں سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو شامل ہیں، جہاں ہیٹ ویو کی شدت زیادہ رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حیدرآباد، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، جامشورو، میرپورخاص اور سانگھڑ میں بھی شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ تاہم سمندری ہوا میں نمی بڑھنے کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر نئی نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔ زیادہ پانی استعمال کریں اور قربانی کے جانوروں کے لیے سائے، ٹھنڈے ماحول اور پانی کا مناسب انتظام یقینی بنائیں تاکہ جانور شدید گرمی سے محفوظ رہ سکیں۔
