لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں سرکاری سطح پر گاڑیوں کے لیے نئی نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جن میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس جدید ڈیٹا بیسڈ سسٹم سے منسلک ہوں گی جبکہ ان میں آر ایف آئی ڈی (آر ایف آئی ڈی) چپ بھی نصب کی جائے گی۔ اس چپ کی مدد سے گاڑی کی مکمل معلومات فوری طور پر حاصل کی جاسکیں گی، جبکہ اسکیننگ کے ذریعے گاڑی اور مالک کا ریکارڈ بھی سامنے آجائے گا۔
صوبائی حکومت کو امید ہے کہ اس نئے نظام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گاڑیوں کی چیکنگ اور تصدیق میں آسانی ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر بہتر عملدرآمد، حادثات میں کمی اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی بل پر کیو آر کوڈ ، ہیکرز نے صارفین کو نشانہ بنانا شروع کر دیا
واضح رہے کہ اپریل 2024 سے پنجاب میں سرکاری نمبر پلیٹس کا اجرا بند کر دیا گیا تھا۔ اور گاڑی مالکان کو مارکیٹ سے نمبر پلیٹس بنوانے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم اب صوبائی حکومت نے جدید اور محفوظ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
