اداکارہ کنزہ ہاشمی نے اپنے ڈرامہ سیریل لیڈر کے کو اسٹار علی رضا کے حق میں بیان دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بحث میں ان کا دفاع کیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کراچی میں ایک فین میٹ اینڈ گریٹ ایونٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں ایک مداح کو علی رضا کی جانب سے کنزہ ہاشمی کے قریب آنے پر پیچھے ہٹا دیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مداح پیچھے سے اداکارہ کے قریب آنے کی کوشش کرتا ہے، جس پر علی رضا اسے ہٹا دیتے ہیں۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بحث کو جنم دیا، جہاں کچھ صارفین نے اسے غیر ضروری ردعمل قرار دیا جبکہ دیگر نے اداکار کے رویے کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کہا۔
View this post on Instagram
کنزہ ہاشمی نے جمعرات کو اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فین میٹ اینڈ گریٹ کے دوران ان کی متعدد مداحوں سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے تصاویر بھی بنوائیں، تاہم اس واقعے میں ایک شخص نے حد سے تجاوز کیا جس سے وہ غیر آرام دہ محسوس کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ علی رضا کا انداز بہتر ہو سکتا تھا، لیکن ان کا ردعمل ایک “تحفظاتی جذبے” کے تحت تھا تاکہ وہ اس لمحے میں محفوظ محسوس کر سکیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ عوامی شخصیت ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی بھی شخص کو ذاتی حدود عبور کرنے کی اجازت مل جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ ایسے واقعات کو نارملائز نہ کیا جائے۔
دوسری جانب متعلقہ مداح نے بھی اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ اسے علی رضا کے رویے سے برا لگا اور وہ صرف تصویر لینے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے مطابق اسے اس سے قبل ایک اور تقریب میں بھی اچھا تجربہ ہوا تھا، اور اس واقعے پر وہ جذباتی ہو گیا۔
