بنگلا دیش کی نئی حکومت نے ملک کے پاسپورٹ پر دوبارہ ’’سوائے اسرائیل‘‘ کی عبارت بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو تقریباً چھ برس قبل سابق عوامی لیگ حکومت کے دور میں ختم کردی گئی تھی۔
بنگلا دیشی وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق یہ فیصلہ ملک کی خارجہ پالیسی، عوامی جذبات اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت یہ عبارت تمام اقسام کے پاسپورٹس پر مرحلہ وار دوبارہ شامل کی جائے گی۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان بنگلا دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب
یاد رہے کہ 2020 میں عوامی لیگ حکومت کے دور میں ای پاسپورٹ متعارف کرایا گیا تھا، جس پر تقریباً 45 ارب ٹکا لاگت آئی تھی۔ اسی وقت پاسپورٹ سے ’’یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک کیلئے کارآمد ہے‘‘ کی عبارت ہٹا دی گئی تھی، جس پر مختلف مذہبی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی تھی۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق عبوری حکومت نے گزشتہ برس 7 اپریل کو بھی اس عبارت کی بحالی کیلئے ہدایات جاری کی تھیں، تاہم اس پر محدود حد تک ہی عمل ہوسکا تھا۔ اب نئی بی این پی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اس فیصلے کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ پاسپورٹ رکھنے والوں کو فوری طور پر کسی تبدیلی کا سامنا نہیں ہوگا، تاہم پاسپورٹ کی تجدید کے وقت نئی عبارت شامل کردی جائے گی۔
بنگلا دیش کے نئے وزیرِ کھیل کا بھارت اوربی سی سی آئی کیساتھ کشیدگی ختم کرنے کی خواہش کا اظہار
دوسری جانب حکومت نے ای پاسپورٹ کے اندر موجود واٹر مارکس اور تصاویر میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شیخ مجیب الرحمان سے منسوب کئی تصاویر اور منصوبوں کو ہٹایا جارہا ہے، جن میں دھن منڈی 32 کی رہائش گاہ، ٹنگی پارہ کا مزار، پدما برج، میٹرو ریل اور دیگر قومی منصوبے شامل ہیں۔
ان کی جگہ تاریخی اور ثقافتی مقامات، قدرتی مناظر اور قومی علامات کی نئی تصاویر شامل کی جائیں گی، جن میں احسن منزل، پانام سٹی، جامدانی ساڑھی، ہلسا مچھلی، سندربن، شالبن وہار اور قومی یادگار شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے سیکریٹری منجور مرشد چوہدری نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ پاسپورٹ ڈیزائن میں تبدیلیوں کی حتمی منظوری جلد متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم کے ذریعے ریاستی شناخت کے بعض علامتی پہلوؤں کو ازسرِنو تشکیل دیا جارہا ہے۔
