پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پہلی ترجیح وطن کیلئے کھیلنا ہے جو ہر کھلاڑی کا سب سے بڑا اعزاز ہوتا ہے۔
آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ آسٹریلیا کیلئے کھیلنا ہے اور وہ بین الاقوامی کرکٹ کو فرنچائز لیگز پر فوقیت دیتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی ہر کھلاڑی کا سب سے بڑا اعزاز ہوتی ہے، اسی لیے وہ اپنے ورک لوڈ اور مصروف شیڈول کے باوجود آسٹریلیا کیلئے دستیاب رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف ٹی20 لیگز کھیلنے کے مواقع موجود ہیں تاہم ان کی توجہ آسٹریلیا کی کامیابیوں پر مرکوز ہے۔ کمنز کا کہنا تھاکہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہے اور وہ مستقبل میں بھی ٹیم کو مزید کامیابیاں دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔
پیٹ کمنز نے اپنی فٹنس سے متعلق اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کم کرکٹ کھیلنے سے انہیں بھرپور ریکوری کا موقع ملا جس کے باعث ان کی جسمانی حالت پہلے سے کہیں بہتر ہوئی ہے۔
آسٹریلوی کپتان کے مطابق کمر کی انجری اب مکمل طور پر ٹھیک ہو چکی ہے اور انہوں نے بحالی کے مرحلے میں خاص احتیاط اسی لیے کی تاکہ آنے والے ڈیڑھ سال کے اہم ٹیسٹ شیڈول کیلئے خود کو مکمل فٹ رکھ سکیں۔
آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز ، محمد رضوان کو ڈراپ کئے جانے کا امکان
کمنز نے کہا کہ ان کی تمام تر توجہ آسٹریلیا کے بڑے ٹیسٹ مقابلوں پر مرکوز ہے، اسی وجہ سے وہ اپنے ورک لوڈ کو متوازن انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹ کمنز پاکستان اور بنگلادیش کے آئندہ وائٹ بال دوروں میں آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ وہ آئی پی ایل پلے آف مرحلے اور مستقبل کے ٹیسٹ میچز کو ترجیح دے رہے ہیں۔
