پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ پر ہونے والے حالیہ ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یو اے ای کی حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدامات انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے طے شدہ اصولوں اور نیوکلیئر سیفٹی کے ضوابط کے مکمل منافی ہیں۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ایٹمی تنصیبات کو کسی بھی صورت میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے کیونکہ ان پر حملے انتہائی تباہ کن اور ناقابل واپسی نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شہری نیوکلیئر انفراسٹرکچر کا تحفظ ایک تسلیم شدہ عالمی اصول ہے جسے ہر حال میں برقرار رکھنا چاہیے۔ پاکستان نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اپیل کی ہے تاکہ خطے کو مزید کشیدگی سے بچایا جا سکے، کیونکہ ایسے اقدامات کے منفی اثرات خطے سے باہر تک پھیل سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق صرف مذاکرات اور سفارت کاری ہی امن اور استحکام کا واحد راستہ ہیں۔
