وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی کی معطلی پر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی کی معطلی پر وزیر اعظم کو خط لکھتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گیس بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ خیبرپختونخوا قدرتی گیس پیدا کرنے والا بڑا صوبہ ہے، لہٰذا اسے آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ صوبہ تقریباً 494 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے جبکہ اس کا استعمال صرف 120 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔
خط کے مطابق خیبرپختونخوا کے سی این جی سیکٹر کو درکار 36 سے 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کھاد کے شعبے کو منتقل کر دی گئی، جس کے باعث صوبے میں بے چینی اور امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئین کے تحت گیس پیدا کرنے والے صوبے کو اس کے استعمال کا پہلا حق حاصل ہے جبکہ پشاور ہائیکورٹ بھی سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو غیر منصفانہ قرار دے چکی ہے۔
پاکستان کو دنیا ایماندار ثالث کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، وزیر اعظم
انہوں نے خبردار کیا کہ سی این جی بندش سے ہزاروں افراد کے روزگار متاثر ہوں گے جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر بڑی حد تک سی این جی پر انحصار کرتا ہے، اس لیے گیس بحالی ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیر اعظم سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست بھی کی ہے۔
