خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد موجودہ صورتحال کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں پیر 12 اکتوبر کو سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
اتوار کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جس کے بعد تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور، صوابی، مردان اور نوشہرہ میں اسکولوں، کالجوں اور جامعات سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے پیر کو بند رہیں گے۔
🚨 پشاور میں 12 اکتوبر 2026 بروز پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور
#DeputyCommissionerPeshawar #Peshawar #Education #Notification https://t.co/Uwr59zStpv
— Deputy Commissioner Peshawar (@DCPeshawar) October 11, 2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صوابی اور ڈپٹی کمشنر کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈپٹی کمشنر مردان کے احکامات کے تحت ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں 12 اکتوبر کو تعطیل ہوگی۔ اس روز ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔
نوشہرہ میں ڈپٹی کمشنر گوہر زمان نے بھی تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی، جبکہ مقررہ تاریخ کو ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
متعلقہ حکام اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے ضلعی سطح پر الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔


