واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر جلد معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے بہت بُرا وقت شروع ہو جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے تک پہنچنے میں ایران کا اپنا فائدہ ہے۔ اور کوئی معاہدہ طے پا جائے گا یا نہیں، مجھے کوئی اندازہ نہیں ہے۔
ایران کو ایک بار پھر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر جلد امن معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے بہت برا وقت شروع ہو جائے گا۔
اس سے قبل امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ ایران پر فیصلہ کن حملہ پاکستان کے بعض بہت اچھے لوگوں کی درخواست پر روکا۔ وہ شخصیات ایران کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا آپ رک سکتے ہیں، ہم ڈیل کرادیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے معاملے میں وہی کرے گا جو درست ہو گا۔ آبنائے ہرمز کھلی رہے گی اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور پوپ لیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی کشیدگی پر گفتگو
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا معمول کے مطابق آگے بڑھے گی۔ ان کا چین اور تائیوان کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چینی صدر کے لیے تائیوان ہمیشہ اہم مسئلہ رہا ہے، تاہم جب تک میں موجود ہوں، مجھے نہیں لگتا چین کوئی بڑا اقدام کرے گا۔
