محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور تیز بارش کی پیشگوئی کر دی۔
بارشوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے، این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے اوقات میں پشاور ،صوابی، مردان، نوشہرہ اور چارسدہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،اسی طرح شانگلہ ، کالام، سوات، دیر ، چترال اور بونیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوہستان، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ اور ہری پور میں تیز بارش جبکہ باجوڑ، مہمند، اورکزئی اور خیبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، لکی مروت، پاڑہ چنار اور وزیرستان میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پٹن میں 8 جبکہ پاڑہ چنار میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں جس کی وجہ سے جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
