پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئی، ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں پاکستان اور میزبان ملائیشیا کے درمیان انتہائی سنسنی خیز مقابلہ 5-5 گول سے برابر رہا۔ اس نتیجے کے ساتھ ملائیشیا نے بہتر گول فرق کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ پاکستان کی ٹائٹل جیتنے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔
پاکستانی ٹیم نے میچ میں متعدد مرتبہ برتری حاصل کی تاہم میزبان ٹیم نے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا، میچ کے 57ویں منٹ میں پاکستان نے سفیان خان کے پنالٹی کارنر پر گول کی بدولت 5-4 کی برتری حاصل کی لیکن ملائیشیا نے آخری لمحات میں پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے مقابلہ 5-5 سے برابر کر دیا۔
میزبان ملائیشیا نے تیسرے منٹ میں محمد ازرائی ابو کمال کے فیلڈ گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم پاکستانی کھلاڑی احمد ندیم نے 13ویں اور 15ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے پاکستان کو دو ایک سے برتری دلا دی۔
ملائیشیا نے 20ویں منٹ میں مرہان جلیل کے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔دوسرے ہاف میں محمد عمار نے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلائی جبکہ حنان شاہد کے گول سے پاکستان کی برتری 4-2 ہوگئی۔
What a thrilling encounter at the Sultan Azlan Shah Cup
Pak and Malaysia played out an exciting 5-5 draw in a nail-biting contest. Malaysia secured a place in the final against Aus on superior goal difference.
Pak will now face SK in the bronze medal match on Sat #hockey https://t.co/oNRT2i2xp1
— Zubair Sheikh (@ZubairSheikhPSP) November 26, 2026
ملائیشیا کے اسٹار کھلاڑی فیصل ساری نے 50ویں منٹ میں پنالٹی کارنر اور اس کے بعد فیلڈ گول کرکے مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا۔ پاکستان نے سفیان خان کے گول سے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کی لیکن فیصل ساری نے پنالٹی اسٹروک پر اپنا تیسرا گول کرکے ہیٹرک مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
سلطان اذلان شاہ کپ 2026 میں پاکستان کی کارکردگی
پاکستان نے ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں مجموعی طور پر پانچ میچ کھیلے، جن میں تین کامیابیاں حاصل کیں، ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ ایک مقابلہ ڈرا رہا۔ اس طرح پاکستان نے 10 پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان نے ابتدائی دو میچوں میں کینیڈا اور امریکا کو یکساں 5-1 گول سے شکست دے کر عمدہ آغاز کیا، تاہم آسٹریلیا کے خلاف 2-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گرین شرٹس نے جنوبی کوریا کو 3-2 سے ہرا کر واپسی کی اور فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں لیکن آخری لیگ میچ میں ملائیشیا کے خلاف ڈرا نے ان کی پیش قدمی روک دی۔
لیگ مرحلے کے آخری مقابلے کے بعد پاکستان اور ملائیشیا دونوں کے پوائنٹس 10 ہوگئے تاہم بہتر گول فرق کی وجہ سے ملائیشیا فائنل میں پہنچ گیا۔
آسٹریلیا اور ملائیشیا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ پاکستان اور جنوبی کوریا تیسری پوزیشن کے میچ میں 28 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔
پاکستان نے سلطان اذلان شاہ کپ کتنی مرتبہ جیتا؟
3 مرتبہ پاکستان سلطان اذلان شاہ کپ کا چیمپئن رہا ہے۔1999 میں پاکستان نے پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ جیتا، 2000 میں پاکستان نے مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ڈیلی ٹائمز کے مطابق 2003 میں پاکستان نے تیسری مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی، اس کے علاوہ پاکستان سات مرتبہ رنر اپ بھی رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پانچ میچوں میں تین کامیابیاں حاصل کرکے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن ملائیشیا کے خلاف آخری مقابلے میں برتری برقرار نہ رکھ سکنے کی وجہ سے فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔ خاص طور پر آخری لمحات میں پنالٹی اسٹروک پر گول کا ضائع ہونا پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوا۔



