سندھ حکومت نے کراچی میں شاہراہ بھٹو رواں ماہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لیے اہم ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت جاری ہے اور صوبائی حکومت رواں ماہ شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھولنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کے فعال ہونے سے ایم 9 موٹروے سے براہِ راست رابطہ قائم ہو جائے گا، جس سے کراچی میں ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی آنے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے بڑے میگا پراجیکٹس خصوصاً ریڈ لائن اور بی آر ٹی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور انہیں جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کے دوران چیلنجز ضرور ہوتے ہیں تاہم کام کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے جب کہ اس دوران شہریوں کو ہونے والی مشکلات پر معذرت خواہ بھی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی اور محکمہ بلدیات مل کر کراچی کے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جب کہ کچھ التوا کا شکار منصوبے دوبارہ شروع کر دیے گئے ہیں۔
یو اے ای سے پاکستانیوں کی بے دخلی کی خبریں گمراہ کن ہیں، طلال چودھری
سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے پر بھی غور کر رہی ہے جب کہ جلد ایک نئے منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران ڈی سیلینیشن پلانٹ کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں، جس کے تحت چینی کمپنی سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کا پلانٹ نصب کرے گی اس منصوبے سے کراچی میں پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی۔
