اسلام آباد: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان منشیات کی روک تھام اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر معاہدہ ہو گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلادیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی اور انسداد منشیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی نقل و حمل اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی روک تھام کے لیے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر پاکستان کی جانب سے محسن نقوی جبکہ بنگلادیش کی جانب سے صلاح الدین احمد نے دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک منشیات کے نیٹ ورکس، غیر قانونی سپلائی لائنز اور اسمگلروں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔ جبکہ متعلقہ ادارے بروقت معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے۔
معاہدے میں اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسداد منشیات کے مؤثر طریقہ کار ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں وزارت داخلہ کے درمیان سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ جبکہ انسداد دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، سائبر کرائم، منظم جرائم اور مالیاتی فراڈ کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلادیشی ہم منصب کو سیف سٹی پروجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر ممکن تکنیکی اور تربیتی معاونت فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اپنے اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے، فیصل کریم کنڈی
دونوں ممالک نے پولیس اکیڈمیز میں افسران کی تربیت اور سول آرمڈ فورسز کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ جبکہ بنگلادیشی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔
