ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی سہولت کیلئے وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ منڈیاں ضیا مسجد، آئی-12، بارہ کہو، لہتراڑ روڈ، سنگجانی اور جاپان روڈ پر قائم کی جائیں گی۔
ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام 6 مقامات پر 10 مئی سے مویشی منڈیوں کے قیام کا عمل مکمل کیا جائے۔
کراچی میں 5 مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت
انتظامیہ نے پارکنگ، سینی ٹیشن، سیکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کے موثر انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی سی اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ منڈیوں میں مقررہ نرخ سے زائد فیس وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی جبکہ ہر منڈی میں ایک مجسٹریٹ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔
شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے ساتھ خصوصی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مقامات کے علاوہ جانوروں کی خرید و فروخت پر سختی سے پابندی ہوگی۔
