کراچی، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے پانچ مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے کمشنر کراچی کی جانب سے باقاعدہ اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی جن میں اتواربازارسیکٹر11-ڈی نارتھ کراچی، کے ایم سی گراؤنڈ سفاری پارک کراچی، گلستان جوہر بلاک 5 اور6، بکرا پیڑی لیاری اور کورنگی میں اٹک پیٹرول پمپ کے اطراف شامل ہیں۔
ون کانسٹیٹوشن تاریخ کا بڑا گھپلا ، ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے پیچھے جانا چاہئے ، محسن نقوی
انتظامیہ کے مطابق ان منڈیوں کے قیام کا مقصد شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے منظم اورمحفوظ سہولیات فراہم کرنا ہے، منڈیوں میں صفائی، سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کے لئے بھی خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
بلدیاتی حکام کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں کے مقامات کا انتخاب شہری آبادی اورسہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ خریداروں اوربیچنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مقامات پر ہی خرید و فروخت کریں اور قواعد و ضوابط پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
