پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق سندھ کے وسطی اور بالائی اضلاع میں 11 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم گرم رہنے اور درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مشیر برائے بحالی گیانچند ایسرانی کی ہدایات پر عملہ الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک وارڈز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
کسانوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فصلوں کی کٹائی اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے موسمی صورتحال کو مدنظر رکھ کر اقدامات کریں۔
