لاہور: پنجاب ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ نے صحت کے شعبے میں کیریئر بنانے کے خواہشمند طلبا اور گریجویٹس کے لیے نیا انٹرن شپ پروگرام شروع کر دیا۔
پنجاب میں فارمیسی کے طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 مئی مقرر کی گئی ہے۔
یہ پروگرام ڈائریکٹریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب کے تحت متعارف کرایا گیا ہے۔ جس کا مقصد فارمیسی اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرنا اور صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب کی سرکاری جامعات سے تعلق رکھنے والے فارمیسی کے طلبا، گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
فائنل ایئر کے وہ طلبا بھی اہل ہوں گے جو نتائج کے منتظر ہیں۔ جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران فارمیسی میں ڈگری، ماسٹرز یا ایم فل مکمل کرنے والے افراد بھی اپلائی کر سکتے ہیں۔
درخواست دینے کا مکمل عمل آن لائن رکھا گیا ہے۔ جہاں امیدواروں کو رجسٹریشن کے بعد اپنا پروفائل مکمل کر کے مطلوبہ دستاویزات سرکاری پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سے ایک لاکھ روپے مفت کیسے حاصل کریں، جانئے مکمل طریقہ
حکام نے واضح کیا ہے کہ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 12 مئی 2026 رات 12 بجے ہے۔ اور صرف آن لائن موصول ہونے والی درخواستوں پر ہی غور کیا جائے گا۔
