لاہور: پنجاب میں بیواؤں اور یتیم بچوں کی مالی معاونت کے لیے رحمت کارڈ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت مستحق بیواؤں اور یتیم بچوں کو فی کس ایک لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس اسکیم کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صرف شرعی طور پر زکوٰۃ کی مستحق مسلم بیوائیں اور یتیم بچے ہی اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ جبکہ سرکاری ملازمین، پنشنرز یا صاحبِ حیثیت افراد اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
درخواست دینے کے لیے شہری موبائل ایپ کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔ جبکہ مزید معلومات کے لیے 1077 ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مستحقین کا انتخاب پنجاب سماجی اور اقتصادی رجسٹری (پی ایس ای آر) کے ڈیٹا بیس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ جبکہ رجسٹریشن نہ ہونے کی صورت میں نادرا سے تصدیق کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول مہنگا، اخراجات کم کرنے کے آسان طریقے سامنے آ گئے
حکام کے مطابق مالی امداد کی ادائیگی جیز کیش والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی تاکہ مستحق افراد کو شفاف اور آسان طریقے سے رقم فراہم کی جا سکے۔
