لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے منصوبے میں دو ٹنل سیکشن شامل کرنے اور 17 سے 19 کلومیٹر ٹریک کو انڈرگراؤنڈ گزارنے کی منظوری بھی دی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ 31.5 کلومیٹر طویل یہ منصوبہ گکھڑ سے ایمن آباد تک پھیلا ہوگا، جس کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اس منصوبے میں 24 اسٹیشن بنائے جائیں گے جن میں سے 2 انڈرگراؤنڈ ہوں گے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی
ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم نصب کیا جائے گا جبکہ گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا میں ڈپو قائم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے دونوں اطراف 62 کلومیٹر طویل ڈرین بھی تعمیر کی جائے گی اور ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے گوجرانوالہ میں ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہو جائے گا اور شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔
