کراچی: بحری جہاز آنر 25 پر صومالی قزاقوں کے قبضے کے بعد 11 پاکستانی شہری یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ جن کے اہلخانہ نے حکومت سے فوری مدد کا مطالبہ کیا ہے۔
جہاز کے مغویوں کے متاثرہ خاندانوں کے مطابق جہاز عمان سے فجیرہ جا رہا تھا کہ راستے میں اغوا کر لیا گیا۔ جس کے بعد سے عملے سے رابطہ منقطع ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اب تک حکومتی سطح پر کوئی مؤثر پیشرفت سامنے نہیں آئی، تاہم کامران ٹیسوری نے فون پر رابطہ کر کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغوی امین شمس 2 بچوں کے والد ہیں۔ جبکہ سید کاشف 4 بچوں کے باپ ہیں۔ اسی طرح عمران کی 2 بیٹیاں اور حسین کے 3 بچے ہیں۔
واضح رہے کہ آنر 25 پر 21 اپریل کو قزاقوں نے حملہ کر کے قبضہ کیا تھا۔ جس کے عملے میں 11 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت بحری امور کے متعلقہ اداروں کا تاحال پاکستانی عملے سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ جبکہ جہاز بھیجنے والی ایجنسی بھی خاموش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ انڈونیشیا اپنے شہری کپتان کی رہائی کے لیے قزاقوں سے رابطے میں ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
