اسلام آباد: افغان طالبان کی باجوڑ کے سرحدی علاقے میں سول آبادی پر گولہ باری کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ میں گولہ باری سے ایک ہی گھر کو نشانہ بنایا گیا جہاں ایک خاتون اور 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔ جبکہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔ واقعہ باجوڑ کے علاقے کٹ کوٹ میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان مبینہ طور پر فتنہ الخوارج کے عناصر کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ناکامی کے بعد افغان طالبان نے مایوسی میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ جس کے بعد پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی جانب سے فائرنگ کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق باجوڑ سے ملحقہ افغان چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ علاقہ مکینوں نے اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے اظہار یکجہتی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک جرمانوں میں کمی کی تجویز، کمرشل گاڑی مالکان سے مذاکرات کے بعد نئی سمری ارسال
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا دشمن کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ جبکہ عوام کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے فورسز ہر وقت چوکس اور پرعزم ہیں۔
