کوئٹہ میں حکومت بلوچستان نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے کرایہ داروں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اب کسی بھی شخص کو شناختی کارڈ کے بغیر کرائے پر رہائش دینا ممنوع ہوگا جبکہ مکان مالکان کو کرایہ داروں کا مکمل ریکارڈ متعلقہ تھانے میں جمع کروانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مہمانوں کے بارے میں بھی پولیس کو آگاہ کرنا لازمی ہوگا، تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پرفوری نظر رکھی جا سکے اس کے علاوہ شہر بھرمیں قائم ہاسٹلزاورہوٹلز کو بھی اپنے مہمانوں کا مکمل اور درست ریکارڈ رکھنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
سندھ میں گندم خریداری مہم تیز کرنے کا حکم، چھوٹے کسانوں پر خصوصی توجہ کی ہدایت
ترجمان وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد سیکیورٹی ایکٹ کے تحت یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج، گرفتاری اور پراپرٹی سیل کرنے جیسے اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مطابق یہ فیصلے صوبے میں امن و امان کو مستحکم بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے کیے گئے ہیں، جن پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
