پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں الزامات کی سیاست مناسب نہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام” ہم دیکھیں گے” میں گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے واضح کیا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ علیمہ خان کوکسی بھی بیان کا جواب نہیں دیں گے اوران کے لیے اب “اوپن فیلڈ” ہے کہ وہ جو چاہیں الزامات عائد کریں۔
شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو جو ریلیف ملا ہے اس پرپارٹی کو شکرگزار ہونا چاہیے۔
وفاقی وزرا سندھ حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، شرجیل میمن
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے پرسیاست نہیں ہونی چاہیے اوراس حساس مسئلے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا درست نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو ملاقات کی دعوت دی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔
شیرافضل مروت نے یہ بھی کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی “85 فیصد” والی بات سے غیر ضروری ہیجان پیدا ہوا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ سیاسی ماحول مزید کشیدہ نہ ہو۔
