وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،منصوبے کے تحت ٹرام کیلئے ڈپو، پارکنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مرمت کی سہولیات شامل ہونگی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں ماحول دوست نظام کے فروغ کیلئے الیکٹرک ٹرام اور ای بس منصوبے زیر غورآئے۔الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بسوں کے منصوبے کے عملی نفاذ اور انفرااسٹرکچر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کو جدید انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے مطابق نافذ العمل بنایا جائیگا،الیکٹرک ٹرام منصوبہ مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار اور ماحول دوست ہوگا،منصوبے کو جدید ٹرانزٹ سسٹم سے مربوط کیا جائیگا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنایا جائے، ماحول دوست منصوبے میں کاربن کریڈٹ کے حصول کو پلاننگ فیز میں یقینی بنایا جائے۔

الیکٹرک ٹرام کو اسلام آباد کے اہم مقامات سے منسلک کرنے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ،محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
