اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری عراق کے 5 روزہ دورے پر ہفتے کو روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری 20 سے 24 دسمبر تک عراق کا 5 روزہ دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ عراقی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ جبکہ اہم شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے۔
آصف علی زرداری عراقی ہم منصب عبداللطیف جمال رشید کی دعوت پر عراق کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور عراق کے دیرینہ، بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔ جو مشترکہ ایمان، ثقافت اور باہمی احترام کے رشتوں پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری عراق میں اپنی ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔ اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعمیر نو، افرادی قوت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات سے متعلق الزامات مسترد کر دیئے
اس کے علاوہ ملاقاتوں میں علاقائی ترقی اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون پر بھی بات ہو گی۔

