پشاور: ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں آج اور کل بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 4 اور 5 دسمبر کو وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں بارفباری کا امکان ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارش و بارفباری متوقع ہے۔ پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، کرم، بنوں، ڈی آئی خان سمیت کئی اضلاع میں بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی اہم شاہراہوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش سے کمزور گھروں، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کی صفائی اور عوام و سیاحوں کو بروقت آگاہی دینے کی ہدایت کر دی گئی۔
