27 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر تحریک انصاف نے اپنے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس تحریک انصاف کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں سینیٹر ابڑو سے 7 روز میں تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی فیصلے کے تحت 27 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کی واضح ہدایت دی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس فیصلے کی خلاف ورزی کی جس پر پارٹی نے وضاحت طلب کی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر 7 روز کے اندر جواب جمع نہ کرایا گیا تو پارٹی اپنے آئینی و تنظیمی اختیارات کے تحت ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے 27ویں ترمیم کی منظوری کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور پارلیمانی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
