27ویں ترمیم پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹیوں کا اجلاس جاری؛ اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کر دیا


ستائیسویں آئینی ترمیمی بل 2025 پر غور کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس جاری ہے. 

اجلاس کی صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چودھری محمود بشیر ورک مشترکہ طور پر کر ہے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے ایک مرتبہ پھر اس اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ہے جس میں ترمیمی بل کی تمام شقوں پر تفصیلی بحث اور شق بہ شق جائزہ لیا جانا تھا۔

گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا، جس کے باعث بحث ادھوری رہ گئی تھی۔

آج کے اجلاس میں سینیٹر طاہر خلیل سندھو، سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر ہدایت اللہ، سینیٹر ضمیر حسین گھمرو، سائرہ افضل تارڑ، علی حیدر گیلانی، بلال اظہر کیانی، ابرار شاہ اور سید نوید قمر شریک ہیں۔ اس کے علاوہ سیکرٹری وزارت قانون و انصاف راجا نعیم اکبر اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

کمیٹی ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بل کی ہر شق کی آئینی، قانونی اور انتظامی حیثیت کا باریک بینی سے مطالعہ کریں۔

مجوزہ ترمیم میں عدالتی اصلاحات، پارلیمانی اختیارات اور وفاقی و صوبائی تعلقات کے حوالے سے اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر سفارشات کی حتمی رپورٹ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp